سرینگر، اگست 01: سرینگر کی ایک مقامی عدالت نے جموں میں مقیم ایک اخبار کے منیجنگ ڈائریکٹر کے خلاف جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کے سوالیہ پرچوں کی فروخت سے متعلق “جھوٹی” اور “من گھڑت” خبر شائع کرنے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، سمال کاز سری نگر کے جج نے آج پولیس کو ہدایت دی کہ جموں جوٹنگز کے منیجنگ ڈائریکٹر موہت مہرا کو گرفتار کرکے 22 اگست سے پہلے ایس ایچ او صدر پولیس اسٹیشن کے سامنے ایس ایس بی کی شکایت پر درج مقدمہ کی تحقیقات کے سلسلے میں پیش کیا جاے۔
عدالت نے غیر ضمانتی وارنٹ ایس ایس بی سے رجوع کرنے کے بعد جاری کرتے ہوئے کہا کہ اخبار کے ایم ڈی زیر دفعہ41 اے،سی آر پی سی کے تین نوٹس جاری کیے جانے کے باوجود کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں پولیس کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔
ایس ایس بی نے کہا” شائع ہونے والی خبر جھوٹی، من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی ہے، اور اس کا مقصد بورڈ کی شبیہ کو داغدار کرنا ہے۔ روزنامہ اخبار کا یہ عمل بورڈ کے خلاف سازش کا احساس رکھتا ہے جو مجرمانہ بد دیانتی اور مجرمانہ بدنامی پر مبنی ہے”
اس میں مزید کہا گیا کہ یہ رپورٹ کسی بھی قسم کی تحقیقات اور تحقیق کے بغیر تھی اور اس میں عوام کے لیے خوف یا خطرے کا باعث بننے کا رجحان ہے۔