جموں، 4 دسمبر : جموں و کشمیر میں سال رواں کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران مختلف تنظیموں سے وابستہ 211 جنگجو ہلاک جبکہ 47 گرفتار کئے گئے ہیں۔
دفاعی ذرائع نے یو این آئی کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں سال رواں کے ماہ جنوری سے 22 نومبر تک مختلف تنظیموں سے وابستہ 211 جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے جبکہ 47 جنگجوؤں کو زندہ پکڑ لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہلوک جنگجوؤں میں سے 161 مقامی جبکہ 50 غیر ملکی جنگجو تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں سال گذشتہ مجموعی طور پر 152 جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا تھا اور 43 جنگجوؤں کو زندہ پکڑا گیا تھا۔
ذرائع نے کہا کہ اس عرصے کے دوران مختلف جنگجو تنظیموں میں 148 نئی بھرتیاں ہوئیں ہیں جبکہ مختلف جنگجویانہ سرگرمیوں میں ملوث44 افراد مفرور ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سال رواں کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران جموں و کشمیر کے سرحدوں پر جنگجوؤں نے دس بار دراندازی کرنے کی کوششیں کیں جن میں سے چھ بار دراندازی کی کوشش کرنے والے جنگجوؤں کو مارا گیا جبکہ چار بار ان کی کوششوں کو ناکام بنا دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحد پار لانچنگ پیڈس پر قریب چار سو جنگجو دراندازی کرنے کی تاک میں بیٹھے ہوئے ہیں۔
یو این آئی