جموں، 6 فروری: لوک سبھا میں پہاڑیوں اور دیگر قبائل کو درج فہرست درجہ دینے سے متعلق تاریخی بل کو منظوری ملنے کے بعد لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو کہا کہ نئی شمولیت سے گوجر اور بکروال جیسی موجودہ درج فہرست قبائل برادریوں کو دستیاب ریزرویشن کی موجودہ سطح پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر کے لئے ایک تاریخی دن ہے۔ لوک سبھا نے پہاڑیوں، پدری قبائل، کولی اور گڈا برہمن کو درج فہرست قبائل کا درجہ دینے کے لئے آئین (جموں و کشمیر) درج فہرست قبائل آرڈر (ترمیمی) بل، 2024 کو منظوری دے دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ ان برادریوں کو درج فہرست قبائل کی فہرست میں شامل کرنے سے گوجروں ، بکروال اور دیگر قبائل کو دستیاب ریزرویشن کی موجودہ سطح پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ انہیں پہلے کی طرح ریزرویشن ملتا رہے گا۔
راجیہ سبھا میں بل کی منظوری کے بعد یو ٹی انتظامیہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے ضروری نوٹیفکیشن جاری کرے گی کہ درج فہرست قبائل کی موجودہ فہرست میں شامل لوگوں کو اسی سطح کا ریزرویشن ملتا رہے۔
ایل جی نے کہا کہ یو ٹی انتظامیہ جموں و کشمیر کی تعمیر کے لئے پرعزم ہے جو متوازن ترقی پر توجہ مرکوز کرے اور جامع ترقی کے منتر کے ساتھ سماج کے تمام طبقوں کو فائدہ پہنچائے۔
"میں لوگوں اور کمیونٹی کے عمائدین سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھائیں اور برادریوں کو ریزرویشن کی سطح پر شرپسندوں کے ذریعہ پھیلائی جانے والی کسی بھی غلط معلومات کا مقابلہ کریں۔”
انہوں نے کہا، ‘میں اس بات کا اعادہ کرتا ہوں کہ درج فہرست قبائل کی فہرست میں نئی برادریوں کو شامل کرنے سے گوجر اور بکروال جیسی موجودہ درج فہرست قبائل برادریوں کو دستیاب ریزرویشن کی موجودہ سطح پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔