سری نگر: سینیئر کشمیری معالج اور کریٹیکل کیئر سپیشلسٹ ڈاکٹر شوکت شاہ نے کہا کہ کورونا ویکسین لگوانے والوں کے دو سال کے اندر مر جانے کی خبر جعلی اور من گھڑت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ جن افراد نے بھی ویکسین کی دونوں ڈوزز لگوائی ہیں وہ بالکل محفوظ ہیں۔ اگر انہیں کورونا انفیکشن ہو بھی جاتا ہے تو وہ جلد صحتیاب ہو جائیں گے کیونکہ ان پر اس وائرس کا زیادہ اثر نہیں ہوگا۔
بتا دیں کہ فرانسیسی ماہر وائرلوجسٹ اور نوبل انعام یافتہ لک مونٹاگنیئر سے منسوب ایک ‘جعلی خبر’ سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کورونا ویکسین لینے والے تمام افراد 2 سال کے اندر مر جائیں گے۔
ڈاکٹر شوکت شاہ نے جمعے کو اپنے ایک ویڈیو بیان میں اس وائرل ‘جعلی خبر’ پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا: ‘سوشل میڈیا پر ایک خبر پھیلائی جا رہی ہے کہ ویکسین لینے والے تمام افراد دو سال کے اندر مر جائیں گے۔ یہ ایک من گھڑت اور جعلی خبر ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘حقیقت یہ ہے کہ جن افراد نے بھی ویکسین کی دونوں ڈوزز لگوائی ہیں ان میں کورونا وائرس کا اثر بہت کم دیکھا گیا ہے۔ اگر وہ کورونا وائرس سے متاثر ہو بھی جاتے ہیں تو نہ صرف انہیں ہلکا انفیکشن ہو جاتا ہے کہ بلکہ وہ بہت جلد صحتیاب بھی ہو جاتے ہیں۔ ان میں اموات کی شرح بہت کم دیکھی گئی ہے’۔
ڈاکٹر شوکت نے کہا کہ ایک ‘جعلی خبر’ کی وجہ سے بعض لوگ خوف میں مبتلا ہو گئے ہیں اور ان میں خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا: ‘اس بلاوجہ خوف کی وجہ سے جن لوگوں نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی ہے وہ کہتے ہیں کہ ہم نہیں لگوائیں گے۔ جن لوگوں نے ایک ڈوز لگوائی ہے وہ کہتے ہیں کہ ہم دوسری نہیں لگوائیں گے۔ جن لوگوں نے دونوں ڈوزز لگوائی ہیں وہ کہتے ہیں کہ یا اللہ ہمیں بچائو’۔
ان کا کہنا تھا: ‘لیکن میں تمام لوگوں سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ جن لوگوں نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی ہے وہ اپنی باری پر ویکسین لگوائیں۔ وہ ایک من گھڑت اور جعلی خبر پر اعتبار نہ کریں۔ جن لوگوں نے ویکسین لگوائی ہے وہ بلاخوف رہیں، وہ محفوظ ہیں۔ جن لوگوں نے ویکسین نہیں لگوائی ہے وہ ویکسین لگوانے کے لئے آگے آئیں’۔
دریں اثنا پریس انفارمیشن بیورو کے فیک نیوز فیکٹ چیک نے فرانسیسی ماہر وائرلوجسٹ اور نوبل انعام یافتہ لک مونٹاگنیئر سے منسوب خبر کو ایک جعلی اور من گھڑت خبر قرار دیا ہے اور کہا کہ یہ بیان کسی نے نہیں دیا ہے۔