سری نگر،8 مارچ : جموں وکشمیر سٹیٹ بورڈ آف سکول ایجوکیشن نے پیر کی صبح کشمیر صوبے کے بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانی نتائج کا اعلان کر دیا۔امتحانات میں زائد از 80 فیصد طلبا نے کامیابی حاصل کی ہے اور لڑکیوں نے ایک بار پھر لڑکوں کو پچھاڑ کر بازی مار لی ہے۔
بورڈ کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں کل 58 ہزار 3 سو 97 طلبا نے حصہ لیا تھا جن میں سے46 ہزار 9 سو 87 طلبا نے کامیابی کا جھنڈا گاڑھا ہے۔
ان امتحانات میں حصہ لینے والے لڑکوں کی کل تعداد 30 ہزار 9 سو 60 تھی جن میں سے 24 ہزار 2 سو 91 کامیاب ہوئے ہیں اور لڑکیوں کی کل تعداد 27 ہزار 4 سو 37 تھی جن میں سے 22 ہزار 6 سو 96 نے کامیابی حاصل کی ہے۔
مذکورہ اعداد و شمار کے مطابق لڑکیوں کی شرح کامیابی 82.72 فیصد ہے جبکہ لڑکوں کی شرح کامیابی 78.46 فیصد ہے۔
سائنس اسٹریم میں 19 طلبا نے پہلی تین پوزیشنز حاصل کیں جن میں صرف چار لڑکے شامل ہیں۔
اسی طرح کامرس اسٹریم میں پہلی تین پوزیشنز پر لڑکیاں فائز ہوئیں جبکہ ہوم سائنسز اور آرٹس میں بھی پہلی تین پوزیشنز لڑکیوں نے ہی اپنے نام کر دی۔
ضلع سری نگر سے تعلق رکھنے والی چار طالبات نے سائنس اسٹریم میں صد فیصد نمبرات حاصل کئے ہیں۔
صد فیصد نمبرات حاصل کرنے والی طالبات میں عمل سعید (کینڈڈ ہائر سکینڈری اسکول نوگام )، حفصہ ملک (اقبال میموریل انسٹی ٹیوٹ بمنہ)، عشرت مظفر (ہارورڈ ہائر سکینڈری اسکول حبک نسیم باغ) اور زینب قادری (سلفیہ مسلم انسٹی ٹیوٹ پرے پورہ) شامل ہیں۔
کامرس اسٹریم میں زینت فیاض (گرنمنٹ ہائرسکینڈری سکول نوا کدل سری نگر) نے 500 میں سے 493 نمبرات حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ آرٹس اسٹریم میں خوشبو جان ( گورنمنٹ ہائر سکینڈری اسکول بجبہاڑہ) نے صد فیصد نمبرات حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کر دی ہے۔
یو این آئی