جموں، 8 جنوری: برڈ فلو پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر جموں و کشمیر یونین ٹریٹری انتظامیہ نے ویٹ لینڈ اور چڑیا گھروں میں نگرانی بڑھا دی ہے۔
منڈا چڑیا گھر کے چیف وارڈن انیل کمار عطری نے بتایا: ‘برڈ فلو کے خطرے کے پیش نظر ہمارے فیلڈ عملے نے نگرانی بڑھا دی ہے۔ جہاں جہاں بھی مہاجر پرندے آتے ہیں وہاں خصوصی نگرانی شروع کی گئی ہے۔ گھرانہ ویٹ لینڈ، جہاں سب سے زیادہ مہاجر پرندے آتے ہیں، وہاں چوبیس گھنٹوں نگرانی کی جا رہی ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘فلیڈ عملے سے کہا گیا ہے کہ وہ ہر ایک پرندے کی نقل و حرکت کو مانیٹر کریں۔ ان سے کہا گیا ہے کہ اگر کوئی مشتبہ پرندہ نظر آتا ہے تو اس کو الگ کر کے ٹیسٹ کے لئے نمونہ حاصل کیا جائے۔ گھرانہ ویٹ لینڈ سے بھی کچھ نمونے حاصل کئے گئے ہیں۔ ادھم پور میں کچھ کووں کی موت واقع ہوئی ہے جن کے نمونے حاصل کر کے جانچ کے لئے جالندھر بھیجے گئے ہیں’۔
انیل کمار نے کہا کہ جموں و کشمیر اب تک برڈ فلو کا کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے اور متعلقین کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا: ‘ابھی تک ہماری یونین ٹریٹری سے برڈ فلو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔ ہم پوری طرح سے الرٹ ہیں’۔
دریں اثنا جموں و کشمیر کے چڑیا گھروں میں لوگوں کے پرندوں کے نزدیک جانے پر روک لگائی گئی ہے۔
جموں کے ایک چڑیا گھر میں تعینات ایک سکیورٹی اہلکار نے کہا: ‘ہم نے پرندوں والا علاقہ بند کر دیا ہے۔ میری ڈیوٹی ہے کہ کسی کو بھی پرندوں کے نزدیک نہیں جانے دینا ہے۔ تاہم یہاں آنے والے لوگوں کو دور سے دیکھنے کی اجازت دی جا رہی ہے’۔
یو این آئی