جموں،15 دسمبر : معروف فلم ڈائریکٹر امتیاز علی کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے فنکاروں کی صلاحیتوں کی دنیا میں مثال نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری کشمیر کے نوجوانوں خاص کر فنکاروں سے اپیل ہے کہ وہ سامنے آکر اپنے فن کا مظاہرہ کریں تاکہ اس میں مزید نکھار آسکے۔
موصوف نے ان باتوں کا اظہار یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘کشمیری نوجوانوں خاص کر فنکاروں کو میرا یہ پیغام ہے کہ وہ سامنے آئیں اور اپنے فن کا مظاہرہ کریں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ فنکاروں کے لئے جموں وکشمیر میں بہت سارے پروگرام منعقد کئے جا رہے ہیں جن کا مقصد نوجوانوں کو اپنے فن کے مظاہرے اور انہیں کچھ نئی تخلیقی چیزوں سے روشناس کرانا ہے۔
جموں و کشمیر کے فنکاروں کی تعریفیں کرتے ہوئے موصوف ڈائریکٹر نے کہا: ’میں لگ بھگ دنیا بھر میں گیا ہوں لیکن جتنے با صلاحیت فنکار میں نے جموں و کشمیر میں دیکھے اتنے دنیا میں کہیں اور نہیں دیکھے‘۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں اس ٹیلنٹ کو استعمال کرنا ہے اوریہاں کے نوجوانوں کو اپنے فن کو مزید مکمل اور نکھارنا ہے۔
یو این آئی