سرینگر، یکم دسمبر : پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں و کشمیر کے انتخابات میں دھاندلیوں کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ہند کے جمہوریت کا رخ موڑنے سے مجھے انتخابات میں ماضی میں ہونے والی دھاندلیاں یاد آ گئیں۔
انہوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا: ‘سال 2002 میں بی جے پی کے واجپائی جی نے جموں و کشمیر میں صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا تھا اور سال 2020 میں یہی بی جے پی جموں و کشمیر میں تمام انتخابات، میونسپل سے لے کر ڈی ڈی سی تک، میں دھاندلیوں کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے’۔
موصوفہ نے اپنی ایک اور ٹویٹ میں کہا: ‘پی ڈی پی کے روف بٹ کو سری نگر میں بلدیاتی انتخابات کی ووٹنگ کے روز نظر بند کیا گیا۔ حکومت ہند کی طرف سے جمہوریت کا رخ موڑنے سے مجھے ماضی میں انتخابات میں ہونے والی وہ دھاندلیاں یاد آ گئیں جو جموں و کشمیر میں ہنگامہ آرائی کی وجہ بن گئیں’۔
یو این آئی