سرینگر/ 23نومبر: جموں وکشمیر بینک کی جانب سے بارہمولہ میں ضلع سطحی جائزہ میٹنگ کا انعقاد ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ کی قیادت میں کیا گیا جس میں رواں مالی برس کے ستمبر کوارٹر کے دورانمختلف سرکاری اسکیموں کے تحت ضلع میں موجود متعدد بینکوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ لیڈ ڈسٹرکٹ منیجر بارہمولہ جاوید رشید کے علاوہ NABARDاور دیگر سرکاری محکموں کے نمائندوں نے میٹنگ میں شرکت کی۔ 30ستمبر2020تک ضلع میں موجود بینکوں کی کارکردگی کا جائزہ پیش کرتے ہوئے لیڈ ڈسٹرکٹ منیجر نے یہ جانکاری دیدی کہ ضلع میں موجود تمام بینکوں نے رواں مالی برس کے پہلے شش ماہی میں مالی طور23فیصد حدف پورا کیا ہے اور ترجیحی سیکٹر میں 3233.87کروڑ روپے میں سے 756.89کروڑ روپے کے قرضے واگزار کئے ہیں جبکہ غیر ترجیحی شعبے میں مقررہ سالانہ حدف 592.67کروڑ روپے میں سے ابھی تک329.97کروڑ روپے بطور قرضے دئے گئے ہیں۔ مالی برس2020-21کے ڈسٹرکٹ پلان کے تحت پہلے چھ مہینوں کے دوران50ہزار417افراد مختلف اسکیموں کے ذریعے مستفید ہوچکے ہیں۔ بارہمولہ ضلع میں ترجیحی سیکٹر کے تحت 3007.50کروڑ روپے قرضے دئے گئے ہیں جو کہ مجموعی قرضوں کا62.46فیصد ہے اور ضلع کا کریڈٹ ڈپازٹ تناسب83.24فیصد ہے۔ DLRCکے چیئرمین ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر نے بینکوں اور دیگر منسلک سرکاری محکموں کے درمیان تال میل پر زور دیکر کہا کہ گورنمنٹ سپانسرڈ اسکیموں اور مختلف سماجی تحفظ اسکیموں کی بر وقت عمل آوری کیلئے وہ سنجیدہ رہیں اور اپنی کوششیں تیز کریں تاکہ ضلع میں بے روز گار نوجوانوں کو روزگار کے وسائل مہیا ہوسکیں۔ انہوں نے مختلف بینکوں اور متعلقہ سرکاری محکموں کو مشورہ دیا کہ وہ جانکاری کیمپوں کے اہتمام میں بھی تیزی لائیں۔