تحریم جان
سرینگر// جموں کشمیر میں نوجوانوں کیلئے مشن یوتھ کے تحت شروع کی گئی پرجوش مرکزی روزگار اسکیم’ممکن‘ کے تحت گزشتہ برس سرکار نے مستحق امیدواروں کی درخواستوں کو ہری جھنڈی دکھائی ہیں،جس کی وجہ سے نوجوانوں کی امنگوں کو پورا کرنے کیلئے یہ اہم قدم پرجوش اثابت ہو رہا ہے۔اس اسکیم کے تحت، بے روزگار نوجوانوں کو نقل و حمل کے شعبے میں پائیدار روزگار قائم کرنے کیلئے رعایتی بنیادوں پر چھوٹی کمرشل گاڑیاں خریدنے میں سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ سرکاری اعداد شمار کے مطابق گزشتہ برس دسمبر تک اس اسکیم کے تحت جموں کشمیر میں 11ہزاردرخواستیں موصول ہوئیں ہیں،جن میں صرف4500درخواستوں کو نپٹایا گیا۔’ممکن‘ایک ذریعہ معاش پروگرام ہے جو بنیادی طور پر 18 سے 35 سال کی عمر کے بے روزگار نوجوانوں کیلئے تیار کیا گیا ہے۔
اسکیم کے ذریعے نوجوانوں کو بنکوں کی شراکت کے ساتھ چھوٹی مال بردارگاڑیاں فراہم کی جا رہی ہیں جس کے ذریعے خریدی جانے والی گاڑی کی آن روڈ قیمت کے لیے قرض کی سہولت 100 فیصد تک ہے۔اس کے علاوہ مشن یوتھ گاڑی کی آن روڈ قیمت کے لیے 80ہزار روپے یا 10 فیصد کی رقم (جو بھی کم ہو) پیشگی رعایت کے طور پر فراہم کرتا ہے اور گاڑیاں تیار کرنے والوں (حکومت کے سکیم شراکت دار) اس پر خصوصی رعایت فراہم کرتے ہیں۔
اسکیم کے نفاذ کو مکمل طور پر شفاف اور تیز تر بنانے کے لیے، اس اسکیم کو ڈیجیٹل طور پر چلانے کیلئے JK-e-Services(جے کے ای سروس) پورٹل پر ایک ماڈیول تیار کیا گیا ہے۔جموں و کشمیر انتظامیہ نئے کاروباری اداروں کے قیام یا آمدنی پیدا کرنے کیلئے موجودہ منصوبوں کی توسیع اور جدید کاری کے لیے آسان مالیات کی سہولت بھی فراہم کر رہی ہے۔
نظامت معاشیات و شماریات نے اپنی نومبر کی 2023کی ڈی جی جی آئی رپورٹ میں محکمہ روزگار کے اسسٹنٹ ڈائریکٹروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ راجوری میں 575درخواستوں میں سے565،جبکہ گاندربل میں 447درخواستوں میں 364اور سامبا میں 402میں سے215 درخواستوں کو نپٹایا گیا تاہم نومبر کے آخر تک10اضلاع میں اس سکیم کی بھیانک صورتحال سامنے آئی ہے،جس سے اس اسکیم کے غبارے سے ہوا نکلتی ہوئی نظر آرہی ہے۔ شوپیاں میں 413درخواستوں میں 118،بانڈی پورہ میں 496درخواستوں میں 166، کپوارہ میں 893درخواستوں میں 305پلوامہ میں 380درخواستوں میں 144اور بڈگام میں 352درخواستوں میں سے170درخواستوں کو ہی منظوری ملی ہیں اور باقی ابھی زیر التواء ہے۔ محکمہ شماریات کے مطابق ریاسی میں 546درخواستوں میں صرف96،رام بن میں 830میں سے153پونچھ میں 828میں سے190ڈوڈہ میں 541میں سے145سرینگر میں 442میں سےء244 اور اننت ناگ میں 401میں سے364درخواستوں کو نپٹایا گیا۔ اعداد شمار کے مطابق کولگام میں 565ایسی ہی ممکن درخواستوں میں سے333کشتواڑ میں 434میں سے164،کھٹوعہ میں 638میں سے221اور،شوپیاں میں 413مین سے118 ادھمپور میں 472میں سے158درخواستوں کو نپٹایا گیا۔مشن یوتھ کے ایک افسر نے بتایا کہ ممکن اسکیم جموں کشمیرانتظامیہ کا ایک پرجوش پروگرام ہے جس کا مقصد ایک کثیر الجہتی حکمت عملی کے ذریعے نوجوانوں کو جموں و کشمیر کی سماجی و اقتصادی ترقی میں مثبت طور پر شامل کرنا ہے جس میں تمام ضروری منظم مشاورت بالخصوص ہنر مندی کی ترقی، ذریعہ معاش پیدا کرنے، تعلیم کے شعبے، تفریح اور کھیل شامل ہیں۔