سرینگر : سرینگر کے شہر خاص علاقے میں موٹر گاڑیوں کی چوری کی وارداتوں نے رہائشیوں میں خوف و دہشت پھیلادیا ہے ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس طرح کے واقعات میں اچانک اضافے نے انہیں خوف زدہ کردیا ہے اور ہیبت کا ماحول پیدا کردیا ہے۔
سرینگر ڈاؤنٹاؤن کے ڈلی پورہ کاوڈارہ کے رہائشی فاروق احمد نے کشمیر ریز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 18 اور 19 مارچ کی درمیانی شب میں کار چوری کے تین واقعات پیش آئے۔
یہ واقعات سری نگر کے ڈانگر پورہ ، نرورہ اور سازگری پورہ میں رونما ہوئے ۔
فاروق احمد نے کہا کہ یہاں لوگ زیادہ تر جگہ کی قلت کی وجہ سے سڑک کے کناروں پر اپنی گاڑیاں رکھتے ہیں کیونکہ شہر خاص گنجان آبادی والا علاقہ ہے جہاں رات کو گاڑیوں کی پارکنگ اکثر گھروں سے دور سڑکوں پر ہوتی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات سے یہاں رہائشیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ اب ہم نہیں جانتے کہ کیا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اور مقامی انتظامیہ کو اس طرح کے واقعات کو روکنے اور ایسی چوریوں میں ملوث مجرموں کی گرفتاری کے لئے کچھ کرنا چاہئے۔