سرینگر: جموں و کشمیر پریس کور (جے کے پی سی) نے سونمرگ کے گگنگیر علاقے میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں سات شہریوں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے۔
جے کے پی سی نے ایک بیان میں اس واقعہ کو "بے گناہ مزدوروں پر ہولناک دہشت گردانہ حملہ” قرار دیا ہے۔ پریس کور کے ارکان نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم نے اس افسوسناک واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی ہے۔
جے کے پی سی نے جموں و کشمیر میں امن و استحکام قائم کرنے کی کوششوں پر اس طرح کے حملوں کے تباہ کن اثرات کو اجاگر کیا اور ضروری ترقیاتی کاموں میں مصروف شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔