سرینگر، فروری 7: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج سرینگر میں دو شہریوں پر ہوئے گھناؤنے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے حملے میں شہید ہونے والے شہری کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ایک ٹویٹ میں کہا، ‘میں امرتسر کے امرت پال اور روہت پر سرینگر میں ہوئے گھناؤنے دہشت گردانہ حملے سے بہت صدمے اور غم زدہ ہوں۔ میں اس سفاکانہ فعل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں جس نے ایک بے گناہ کی جان لے لی ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں میں سوگوار خاندان کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔
زخمی روہت کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہوں۔ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کی دیکھ بھال کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ سول اور پولیس انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنائیں۔’